کاروار 6/ اکتوبر (ایس او نیوز) آئندہ پانچ سال کے لئے گرام پنچایتوں کی ترقی کے منصوبے کس طرح دور اندیشی کے ساتھ بنائے جائیں اس کی تربیت دینے کے مقصد سے تعلقہ پنچایت ای او، گرام پنچایت پی ڈی او اور دیگر افسران کے لئے ایک تربیتی کارگاہ ضلع پنچایت ہال میں منعقد کی گئی ۔
اس کارگاہ سے خطاب کرتے ہوئے ضلع پنچایت ڈیولپمنٹ شعبہ کے ڈپٹی سیکریٹری ڈی ایم جکپّا گولا نے کہا کہ ضلع کے تمام گرام پنچایتوں کو ترقی دینے کے پیش نظر عوام کے تعاون کے ساتھ دور اندیشی کے ساتھ پنج سالہ منصوبے تیار کیے جائیں ۔ منصوبے تیار کرتے وقت انسانی ، معاشی اور ماحولیاتی تحفظ کے نکات کو پوری طرح ذہن میں رکھنا چاہیے ۔ اسی کے ساتھ عوام کی بنیادی ضروریات جیسے صحت، پینے کے صاف پانی ، صفائی ، جیسے مسائل کے حل کو اہمیت دی جانی چاہیے ۔
انہوں نے کہا ایسے دور رس نتائج کے حامل منصوبے تیار کرتے وقت ضلع، تعلقہ اور گرام پنچایت سطح پر عوامی اجلاس، کارگاہ وغیرہ منعقد کرنا چاہیے ۔
اس تربیتی کارگاہ میں ضلع پنچایت ایڈمنسٹریشن شعبہ کے ڈپٹی سیکریٹری ناگیش رائیکر کےعلاوہ چیف پلاننگ آفیسر ونود انویکر اور مختلف شعبہ جات کے افسران موجود تھے ۔